Succession Certificate for Family Pension
پاکستان میں پنشنرز کو دفاتر میں اپنی پنشن کے اجرا کے لئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ انہیں مکمل معلومات حاصل نہیں ہوتی کہ اپنی درخواست کے ساتھ کون کون سے کاغذات منسلک کرنے ہیں۔ خصوصاً پنشنر کی وفات کے بعد فیملی پنشن کے اجرا میں ہماری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فیملی پنشن کے اجرا کے لئے دفاتر میں جانشنینی سرٹیفکیٹ طلب کیا جاتا ہے حالانکہ مطابق فیملی پنشن کے اجرا کے لئے درخواست کے ساتھ جانشینی سرٹیفکیٹ لف کرنا ضروری نہیں ہے لیکن اس کے باوجود جانشینی سرٹیفکیٹ طلب کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے سول عدالت میں کیس کرنا پڑتا ہے جس میں کافی اخراجات ہوتے ہیں اور وقت بھی زیادہ لگ جاتا ہے جبکہ پنشنر کی وفات کے بعد روز مرہ اخراجات پورا کرنے کے لئے ورثا کو ایک معقول آمدن کی ضرورت ہوتی ہے جو فیملی پنشن کی صورت میں پورا ہوتی ہے۔ لیکن دفاتر والے جانشینی سرٹیفکیٹ کا اعتراض لگا کر فیملی پنشن کا کیس التوا میں ڈال دیتے ہیں یوں پنشنر کے ورثا مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ روز مرہ اخراجات کے لئے بھی تنگ ہوتے ہیں۔
پنشن ترکہ میں شمار نہیں ہوتی بلکہ فیملی پنشن پنشن رولز کے تحت جاری ہوتی ہے جس میں جانشینی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے برعکس جو چیز ترکہ ہوتی ہے اس میں جانشینی سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثلاً فوت ہونے والے پنشنر کا بینک اکاؤنٹ ہے جس میں رقم موجود ہے تو وہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد ورثا میں تقسیم ہوگی۔ اسی طرح اگر پنشنر کے نام کسی کمپنی کے شیئرز ہیں تو وہ بھی جانشینی سرٹیفکیٹ کے تحت ورثا میں تقسیم ہوں گے۔ لیکن فیملی پنشن میں جانشینی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پنشن ترکہ میں شمار نہیں ہوتی
اس سلسلہ میں اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوز نے مورخہ 21 مارچ 2019 کو ایک مراسلہ جاری کیا جس میں تمام وزارتوں، ڈویژنز اور ڈیپارٹمنٹس کو کہا گیا کہ فیملی پنشن کے لئے جانشینی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے لہذا فیملی پنشن کے کیسز جانشینی سرٹیفکیٹ کے بغیر بھیجے جائیں
اسی طرح حکومت پنجاب نے پنجاب پورٹل پر سوالات و جوابات کا دو صفحاتی کتابچہ اپ لوڈ کیا ہوا ہے جس میں سوال نمبر 25 کے جواب میں کہا گیا ہے کہ فیملی پنشن کے لئے جانشینی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے
اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوز اور پنجاب پورٹل سوالات و جوابات کا کتابچہ یہاں پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے جس میں آپ اپنے استفادہ کے لیے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں
ماشاء اللہ آپ کی دی ہوئی معلومات ہمیں تازہ ترین آگاہی سے روشناس کراتی ہیں